بابری مسجد! بچ سکتی تھی اگر ہم یہ غلطی نہیں کرتے

0
1525
All kind of website designing

محمد یاسین جہازی
یمن کے قبیلہ حمیر کے ایک مشرک بادشاہ ذو نواس نے اپنے زمانے کے مسلمان بیس ہزار عیسائیوں کو خندق کھودواکر زندہ جلا دیا۔ اس میں صرف دوس ذو ثعلبان نامی شخص کسی طرح زندہ بچ کر نکل گیا اور ملک شام پہنچ کر فریاد رسی چاہی۔ یہ نصرانی بادشاہ تھا، اس نے شاہ حبشہ سے فوجی مدد طلب کی۔ چنانچہ شاہ حبشہ نے ارباط اور ابرہہ کی سرداری میں ایک بڑا لشکر بھیج دیا۔یہ لشکر یمن پہنچا اور یمنیوں کو تاخت و تاراج کردیا۔ ذونواس جان بچانے کے لیے بھاگا، لیکن دریا میں ڈوب کر مرگیا۔ جس کے بعد ان دونوں سرداروں نے یمن پر قبضہ کرلیااور دونوں یہیں رہنے لگے۔ کچھ دنوں بعد ان دونوں میں ناچاقی ہوگئی اور اختلاف اتنا بڑھا کہ دونوں اپنی اپنی فوج لے کر لڑنے نکل گئے۔ پھر اس بات پر فیصلہ ہوا کہ فوج کو لڑانے کے بجائے، ہم دونوں آپس میں مقابلہ کریں گے، جو جیتے گا وہی یمن کا حاکم ہوگا۔دونوں میں سخت مقابلہ ہوا، بالآخر ابرہہ نے اپنے غلام عتودہ کے پیٹھ پیچھے وار سے ارباط کو قتل کردیا اور یمن کا بادشاہ بن گیا۔
شاہ حبشہ کو اس واقعہ کی اطلاع ملی تو وہ ابرہہ سے سخت ناراض ہوئے اور لعنت ملامت کرتے ہوئے کہا کہ میں تمھارے شہر کو پامال کردوں گا۔ شاہ حبشہ نجاشی کا سخت رویہ دیکھ کر ابرہہ نے معافی مانگ لی، جس پر بادشاہ نے معاف کردیا اور یمن کا سردار بنادیا۔
ابرہہ نے نجاشی کو مزید خوش کرنے کے لیے خط لکھا کہ میں یمن میں آپ کے لیے ایک بے مثال گرجا تعمیر کروں گا۔ چنانچہ ابرہہ نے عالی شان گرجا گھر تعمیر کردی اور لوگوں کو دعوت دی کہ وہ کعبۃ اللہ کے بجائے اسی گرجا کا طواف و حج کیا کریں۔ یہ بات عربوں اور قریشیوں کو بہت ناگوار گذری۔ کچھ دنوں بعد ایسا ہوا کہ کسی شخص نے اس گھر میں پاخانہ کردیا، جس کا الزام قریشیوں پر لگا۔ بادشاہ اس بے حرمتی سے بہت ناراض ہوا اور قسم کھالی کہ میں کعبتہ اللہ کی اینٹ سے اینٹ بجادوں گا۔ چنانچہ وہ بیس ہزار لشکر لے کر مکہ پہنچا۔ مکہ کے میدان میں اہل مکہ کے جو اونٹ چر رہے تھے، ابرہہ کی فوج نے سب کو اپنے قبضے میں کرلیا، جس میں دو سو اونٹ عبد المطلب کے تھے۔ ابرہہ نے سردار قریش کو طلب کیا، تو عبد المطلب پہنچے اور گفت و شنید میں کہا کہ میرے دوسو اونٹ مجھے واپس کردو اور خانہ کعبہ خدا کا گھر ہے، وہ خود اس کو بچالے گا۔ عبد المطلب اپنے اونٹ واپس لے کر آئے اور چنندہ افراد کو لے کر خانہ کعبہ پہنچے، اور اس کے دروازے کا کنڈا پکڑ کر خوب گڑگڑا کر دعائیں کیں کہ ائے بار ی تعالیٰ! ابرہہ اور اس کے خون خوار لشکر سے اپنے پاک اور ذی عزت گھر کو بچالے۔
دعا کے بعد عبد المطلب نے قریشیوں کو حکم دیا کہ وہ آبادی کو چھوڑ کر آس پاس کے پہاڑوں میں پناہ لے لیں اور خود چند سرداروں کے ہمراہ چوٹیوں پر چڑھ گیا تاکہ خدائی حفاظت کا بچشم خود مشاہدہ کرسکے۔ اگلی صبح جب ابرہہ نے حملہ کا اعلان کیا، اور بیت اللہ کی طرف بڑھنے ہی والا تھا کہ کیا دیکھتا ہے کہ گھٹا ٹوپ پرندوں کا جھرمٹ بادلوں کی طرح امڈا چلا آرہا ہے۔ اور ابھی پوری طرح معاملہ کو سمجھ بھی نہیں پایا تھا کہ وہ پرندے سر پر آگئے اور کنکریاں برسانے لگے۔ یہ کنکری جس کے جسم پر جہاں لگتی تھی، اسے چیر کر رکھ دیتی تھی۔ چنانچہ اس پرندے کی فوج نے پوری لشکر کو تباہ و برباد کردیا۔ خود ابرہہ بھی بری طرح زخمی ہوچکا تھا، وہ کسی طرح میدان جنگ سے بھاگنے میں کامیاب رہا، لیکن صنعا پہنچتے پہنچتے اس کے جسم کاسارا گوشت کٹ کر گرچکا تھا اور بالآخر تڑپتا تڑپتا مرگیا۔
اس واقعہ پر موجودہ حالات کے تناظر میں غور کیجیے، تو شاید یہ نتیجہ خلاف حقیقت نہیں کہلائے گا کہ ہم بابری مسجد کواس لیے نہیں بچا پائے، کیوں کہ ہم نے اس کے تحفظ کے لیے عبد المطلب اور قریشیوں کا کردار ادا نہیں کیا۔خانہ کعبہ کے تحفظ کے لیے انھوں نے سب سے پہلے جو کردار پیش کیا، وہ یہ کیا کہ اللہ تعالیٰ پر مکمل بھروسہ کیا۔ بیت اللہ کے الٰہی تحفظ پر اس قدر توکل و یقین پیدا کیا کہ ”جب وہ خدا کا گھر ہے، تو اس کا تحفظ وہ خود ہی کرے گا“۔ دوسرا کردار یہ پیش کیا کہ اس اعتقاد کے باوجود رجوع الیٰ اللہ کا دامن نہیں چھوڑا اور بیت اللہ کے دروازے سے چپٹ کر خوب روروکر تحفظ کی دعائیں کیں۔
جب بابری مسجد شہید ہوئی، تب بھی ہم نے مساجد کو آباد کرنے والا کردار پیش نہیں کیا۔ اور 9/ نومبر2019کو جب سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے والا تھا، تب بھی ہم نے نہ تو دعا کی اور نہ ہی عملی کردار پیش کرتے ہوئے اپنی مساجد کو آباد کی۔ جب تحفظ کے لیے ہم نے نہ باطنی اسباب کو ترجیح دی اور نہ ہی مساجد کی اصلی آبادی والا کردار پیش کیا، تو کہاں سے خدائی مدد آتی اور مسجد کے تحفظ کے لیے غیبی مدد اترتی۔
یقین مانیے کہ اگر ہم- بابری مسجد پر سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے سے عبرت حاصل کرنے کے بعد ہی سہی- توکل علیٰ اللہ اور رجوع الیٰ اللہ کے فارمولہ پر عمل کرتے ہوئے نماز و تلاوت سے مساجد کو آباد کرنے کے عملی نمونے پیش کرتے ہیں، اور سبھی مسجدوں کو پنج وقتہ نمازوں سے آباد کرنا شروع کرتے ہیں، تو اس کی جگہ رام مندر بنانے والے پھر کبھی کسی مسجد کی طرف غلط نگاہ نہیں ڈال سکیں گے۔ لیکن اگر ہم اتنے بڑے حادثہ کے باوجود کوئی عبرت نہیں پکڑتے اور ہماری زندگی کے اعمال میں کوئی انقلاب نہیں آتا اور پہلے ہی کی طرح ہماری مسجدیں ویران نظر آتی ہیں، تو ایک بابری مسجد کیا، ہماری ہزاروں مسجدیں ہم سے چھینی جاسکتی ہیں اور پھر کوئی خدائی مدد ہمارے لیے نہیں آئے گی۔ فافہم و تدبر۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here