ولی اللّہی دارالافتا کے زیر اہتمام دستار تکمیلِ افتا وتحریکِ ایمان کانفرنس کا انعقاد

0
1101
All kind of website designing

نئی دہلی،14اپریل (محمد ارسلان خان) :
دینی وتربیتی ادارہ ولی اللّہی دارلافتاوالقضا وآن لائن فتوی کے زیرا ہتمام آج غالب اکیڈمی بستی حضرت نظام الدین میں ’دستار تکمیلِ افتا وتحریکِ ایمان کانفرنس‘ کا انعقادکیا گیا جس میں ادارہ کی زیر نگرانی فقہ وفتاوی کی ٹریننگ پانے والے5مفتیانِ کرام مفتی مشاہدحسینی ، مفتی خالدقاسمی، مفتی مسعود، مفتی طیب اورمفتی اشرف امینی کی دستارِ افتا باندھی گئی اورعبا پہنا کر اُنکا اعزاز کیا گیا ،نیز فقہ کی معروفِ زمانہ کتاب ’بدائع الصنائع ‘(عربی)اور’ آپکے مسائل اور اُنکا حل‘کا سیٹ اورتشجیعی رقم بھی دی گئی۔دارالافتا کے سالانہ تعلیمی سفر کے اختتام پرمنعقد آجکی اس اہم کانفرنس میں درجنوں علما وسامعین اور پردہ نشین خواتین حضرات سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علما ہنددہلی کے جنرل سکریٹری مولانا جاویداحمدصدیقی قاسمی نے تاریخی حوالوں سے دہلی کی مرکزیت اور اس شہر کے علمی وتحقیقی کارناموں کا تذکرہ کرتے ہوئے شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ کے نام سے منسوب اس ادارے کی تعلیمی کارکردگی کوان تاریخی روایات کی زندہ تعبیر بتایا۔پروگرام میں ’فتوی کی اہمیت ومعنویت‘ کے موضوع پر تفصیلی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتی سعد مشتاق قاسمی سابق معین مدرس دارالعلو دیوبند نے دلائل کی روشنی میں کہا کہ تفقہ فی الدین کا اعلی ترین معیار فتوی دینے کا درک ہے جسمیں وسیع مطالعہ اور عرفِ زمانہ پر گہری نظرلازمی عنصر ہیں۔ مدرسہ باب العلوم جعفر آباد کے سرپرست مولانا محمدداؤد امینی نے کہا کہ علما ئے کرام کی فقہی ٹریننگ آجکی اہم ضرورت ہے، روایتی دستار بندی کی حدود کوتوڑتے ہوئے ادارہ کی جانب سے مفتیان کرام کے مثالی اعزاز کو قابلِ تقلید قراردیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ افتا سے بڑی کوئی ڈگری نہیں ہوسکتی ،لہذا اسکا اعزاز بھی اسی درجے کا ہونا چاہئے۔’مسلم سماج اوردارالقضاء کی ضر ورت ‘پر خطاب کرتے ہوئے پرانی دہلی کے قاضی مفتی شاکر حسین قاسمی نے دارالقضا کو مسلم معاشرہ کیلئے رحمتِ خداوندی قرار دیتے ہوئے مسلمانوں کواس جانب رُخ کرنے کی اپیل کی۔’تحریکِ ایمان اور موجودہ تقاضے‘ پر اپنی گفتگو کے درمیان فعال عالمِ دین مفتی نثار احمد حسینی نے مسلمانوں کو اپنی دینی رہبری پر اعتماد کامل کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کانفرنس کے عنوان کو اہم قرار دیا۔آل انڈیاامام فاؤنڈیشن کے چیئرمین مولوی قاری عارف قاسمی ،مولانا عبدالسبحان صدر جمعیت علما چاندنی چوک ، چودھری اورنگزیب میو چیئرمین حج کمیٹی ہریانہ اور مشہور شاعر متین امروہوی نے بھی پروگرام میں سامعین سے خطاب کیا اور دارالافتا کی کارکردگی کو سراہا۔
دریں اثنا ایمانیات اورادبیات کے مختلف شعبوں میں بے لوث خدمت کرنے والی منتخب شخصیات کو ’ولی اللّٰہی‘’محبوب العلماء’، ،’تحریکِ ایمان‘ اور ’خدمتِ صحافت‘ ایوارڈز سے نوازا گیا، ڈاکٹر مفتی سعد مشتاق قاسمی، مفتی آصف اقبال قاسمی عربی ریسرچ اسکالر، مفتی شاکرقاسمی اور مفتی عبدالواحد قاسمی کو و لی اللہی ایوارڈ، مولانا عظیم اللہ صدیقی قاسمی،مولانا یاسین قاسمی،مولانا ضیاء اللہ قاسمی جمعیت علماہند،صحافی محمدغفران آفریدی،ماسٹر زاہد اور متین امروہوی کو ’خدمتِ صحافت‘ ایوارڈ، مولانا داؤد امینی، مولاناقاری فاروق مظہر اللہ قاسمی،مولانا عبدالسبحان قاسمی، مفتی نثار حسینی،مفتی اسحق حقی قاسمی، مولانا خلیل قاسمی، مفتی طاہر اور مفتی عالمگیر کو ’محبوب العلما‘ ، مولانا جاوید صدیقی قاسمی ، مولوی عارف قاسمی ، قاری ارشاد، مفتی عالمگیر، مولانا حسین احمد قاسمی،مولانا ضیاء الرحمن، مولانا عبدالسلام ، مولانا قاسم نوری،مولانا عطاء اللہ، چودھری اورنگزیب ، ماسٹر زاہد،محمد خالد ، زوار حسین،محمد شکیل اورمحمد جاوید کو ’تحریکِ ایمان‘ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔دارالافتاکے تعلیمی نظام پر گفتگو کرتے ہوئے مفتی آصف اقبال قاسمی نے کہا کہ ان مفتیان کرام کی ٹریننگ میں اہم مسائل پر تحقیقی مقالہ نگاری،مستند حوالہ جات کا طریقِ مراجعت،جدید مسائل کے منہجِ استنباط اور فتوی نویسی کے اسلوب کی مشق جیسی اہم چیزیں شامل ہیں۔پروگرام کی نظامت کررہے ادارہ کے ناظم اور کانفرنس کے کنوینر مفتی عبدالواحد قاسمی نے ادارے کے مقاصد وعزائم کو پیش کرتے ہوئے ادارے کے معاونین اورتمام مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا۔مفتی واحد قاسمی نے آئندہ ادارے میں داخلے کیلئے دہلی واطراف کے ائمہ وعلما سے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ۔آخر میں مفتی نثار حسینی کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ پروگرام میں مفتی بہاؤ الدین، مفتی نظام الدین، ماسٹر آفتاب، ڈاکٹر ظہیر،محمد عرفان کے علاوہ دہلی واطراف دہلی سے سینکڑوں کی تعداد میں مرد وخواتین نے حصہ لیا۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here