سوسائٹی کے قومی صدر ڈاکٹر محمد عمران اور بانی وجنرل سکریٹری ڈاکٹر اسلم جاوید کی پروفیسر عاصم علی خان سے طب کے مسائل پر بات چیت
نئی دہلی (پریس ریلیز)کافی جد و جہد اور طویل ترین انتظار کے بعد بالآخر وزارت آیوش نے طب یونانی کی ترویج وترقی اور جدید ریسرچ کیلئے قائم سرکاری ادارہ سی سی آر یو ایم کو کل وقتی ڈائریکٹر جنرل دستیاب کرادیا ہے ۔اب توقع ہے کہ نووارد ڈی جی جو خود ایک فعال ومشاق طبیب کے ہمراہ طب یونانی کے ایک باکمال استاذ بھی ہیں ان کی نامزدگی سی سی آریو ایم کے تمام شعبوں اور گوشوں کیلئے مستحسن ثابت ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار معروف طبی تنظیم مسیح الملک حکیم اجمل خان میموریل سوسائٹی کے بانی وجنرل سکریٹری حکیم اسلم جاوید نے سی سی آریو ایم کے کل وقتی ڈی جی کے عہدہ پر فائز کئے گئے حکیم پروفیسر عاصم علی خان کو مبارکباد دینے کیلئے کی گئی خصوصی ملاقات کے بعد اخبارات کیلئے جاری پریس ریلیز میں کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مسیح الملک حکیم اجمل خان میموریل سوسائٹی کئی برس سے متواتر یہ مطالبہ کررہی تھی کہ سی سی آر یو ایم کے ڈی جی کے عہدہ پر کسی باصلاحیت اور لائق وفائق یونانی گریجویٹ کو نامزد کیا جائے۔جبکہ سوسائٹی نے دوسرے طریقہ علاج کے ڈی جی کو سی سی آریو ایم کا اضافی چارج دینے پر شدید اعتراض درج کرایا تھا ۔اس سلسلے میں سوسائٹی کے وفدنے وزیر آیوش اور سکریٹری آیوش سے مل کر اور اخبارات کے ذریعہ بھی لگاتار یہ مطالبہ کیا تھا کہ سی سی آریو ایم میں ڈائریکٹر جنرل کیلئے فی الفور کسی لائق اور اہل یونانی طبیب کا تقرر عمل میں لایا جائے۔مقام شکر ہے کہ کوششیں کامیاب رہی اور تھوڑے انتظار کے بعد ہی سہی مگر سی سی آر یو ایم کی اس اہم ضرورت کو پورا کردیا گیا۔ڈی جی کے طور پرپروفیسر عاصم علی خان کی نامزدگی پر سوسائٹی کے تمام ذمہ داران خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔تقرر کی خبر ملتے ہی سوسائٹی کے قومی صدر ڈاکٹر محمد عمران اور بانی وجنرل سکریٹری ڈاکٹر اسلم جاوید نے نئے ڈی جی پروفیسر عاصم علی خان کی خان کی رہائش گاہ جاکر انہیں مبارکباد پیش کی اور مستند ومقبول طبی جریدہ ’’ ریکس طبی میگزین ‘‘ کا تازہ شمارہ ان کی خدمت میں پیش کیا۔اس موقع پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر اسلم جاوید نے کہا کہ پروفیسر عاصم علی خان ایک محنتی اور فعال شخصیت کے حامل ہیں ،موصوف کے تقرر سے سی سی آریو ایم میں نئی روح پیدا ہوگی اور پہلے سے کہیں زیادہ حوصلہ افزااور نتیجہ خیز کام انجام پاسکیں گے۔اس خصوصی ملاقات میں پروفیسر عاصم علی خان کے ساتھ مسیح الملک حکیم اجمل خان میموریل سوسائٹی کے ذمہ داران ڈاکٹر محمد عمران اور ڈاکٹر اسلم جاوید نے طب یونانی کو درپیش مسائل اور اس کی موجودہ صورتحال پر مثبت بات چیت کی۔پروفیسر عاصم علی خان نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ہرممکن کریں گے کہ طب یونانی کی ان سے اور سی سی آریو ایم سے جو توقعات ہیں اسے پوراکرسکیں۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں