مشاق استاذہی نہیں ایک مخلص مربی بھی تھے مولانا اصلاحیؒ 

0
2663
All kind of website designing

مولانا احتشام الدین اصلاحی :حیات وخدمات پر منعقدہ عالمی سیمینار میں ماہرین تعلیم و اسکالرز کا خطاب

سرائے میر(اعظم گڑھ): دنیا میں بہت کم ایسی خوش نصیب شخصیات دیکھنے کو ملتی ہیں جو علم وفن کے ساتھ اپنے حسن اخلاق اور خورد نوازی کی وجہ سے قریبی تو قریبی غیروں کو بھی اپنا اسیر اور پروانہ بنالیں ۔اگر اس اعلی اوصاف کی حامل شخصیات کو تلاش کیا جائے تو شاید انگلیوں پہ گننے لائق تعداد مل سکے گی۔ان خیالات کا اظہار ’’مولانا احتشام الدین اصلاحی حیات وخدمات‘‘ منعقدہ تاریخی سیمینار میں دنیابھرسے تشریف فرما علمائے کرام اور ماہرین تعلیم واسلامی اسکالرزنے اپنے خطابات اور مقالہ جات میں کیا۔مورخہ 26مارچ2018بروز پیر عالمی شہرت یافتہ اسلامی دانشگاہ مدرسۃ الاصلاح ،سرائے میر کی مسجد کے وسیع وعریض احاطہ میں منعقدہ سیمینار بعنوان ’’ مولانا احتشام الدین اصلاحی : حیات وخدمات‘‘ کا آغاز مدرسہ کے استاذ شعبہ عربی حافظ محمد عمران اصلاحی کی تلاوت سے ہوا۔سیمینار کی صدارت معروف مورخ وڈائریکٹردارالمصنفین ،شبلی اکیڈمی اعظم گڑھ ،پروفیسر اشتیاق احمد ظلی نے فرمائی۔جبکہ سماجی کارکن اور مدرسۃ الاصلاح مجلس عاملہ کے رکن ابوعاصم اعظمی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔اس دوران استقبالیہ کلمات مولانا شکیل احمد ندوی ڈائریکٹر ابن الہیثم اسلامک اسکول بحرین نے بیان کئے۔جبکہ خصوصی خطاب مولانا مرحوم کے شاگرد رشید ڈاکٹر عنایت اللہ اسد سبحانی،ڈاکٹرشیخ تقی الدین ندوی ،مظاہری ،ابوظبی یونیورسٹی، مولانا عمر اسلم اصلاحی ،شیخ التفسیر مدرسۃ الاصلاح ،ڈاکٹر ایاز احمد اصلاحی ،اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ عربی لکھنؤ یونیورسٹی،ڈاکٹر اشہد رفیق ندوی ،استاذ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی وغیرہم نے پیش کئے۔البتہ اپنی ناگزیر مصروفیات کی وجہ سے شیخ تقی الدین ندوی بذات خود شرکت کرنے سے معذور رہے، مگر اپنے استاذ گرامی کی شفقت و عنایات اور ان کی علمی عبقریت کے اعتراف پر مربوط ایک پر مغز مقالہ اپنے خصوصی نمائندہ کے ذریعہ سیمینار کیلئے بھیجا،جسے پڑھ کر سنا یا گیا اور مولانا احتشام الدین اصلاحی مرحوم کی خورد نوازی اور ان کے انداز تدریس کا ذکر سن کر وہاں موجود ازدحام کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں ۔ سیمینار میں اسٹیج کے علاوہ لاؤنج میں عالمی شہرت کی حامل شخصیات موجود تھیں جنہیں مولانا احتشام الدین اصلاحی سے شرف تلمذ بھی حاصل رہاہے۔اس موقع مولانا اصلاحی ؒ کی حیات وخدمات پر پیش کردہ مقالوں کو مولانا کے فرزند ارجمند محمددانش اصلاحی نے کتابی شکل میں مرتب کیا ہے ،مذکورہ کتاب کی رونمائی بھی اسی عہد سازعالمی سیمینار میں کی گئی ۔سمینار کے خصوصی شرکا ء میں مولانا نظام الدین اصلاحی ،پروفیسر الطاف احمد اعظمی ، ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹرقمر اقبال، ڈاکٹر جاوید عبدالمعبود، مولانا طاہر مدنی،جاوید احمد اصلاحی ،ڈاکٹر عتیق الرحمن اصلاحی، ڈاکٹر محمد ارشد، ڈاکٹر مکرم علی، ڈاکٹر سراج خان ،توقیر شیروانی،ڈاکٹر شاہنواز فیاض،ڈاکٹر میم ضاد فضلی،ڈاکٹرشاہنواز عالم خان،ڈاکٹرعبیدالرحمن،ڈاکٹر عرفات ظفراور کلیم جامعی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔دریں سیمینار کی مجلس انتظامی کے اراکین میں ڈاکٹرمظفر احسن اصلاحی،ڈاکٹر فخر الاسلام اصلاحی ،حکیم ارشاداحمد،ڈاکٹر ضیاء الدین ،ڈاکٹر علاء الدین خان ،ڈاکٹر ابو عبید،ڈاکٹر محی الدین آزاداصلاحی،شوکت فراہی،ڈاکٹر محمد خالد،لئیق احمد اصلاحی اورڈاکٹر سہیل احمد اصلاحی نے قابل ستائش محنتیں کی ہیں ۔قابل ذکر ہے کہ یہ تاریخی سمینار اصلاحی ہیلتھ کیئر فاأنڈیشن اور قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے اشتراک سے عمل میں آیا۔سیمینارکنوینر مولانا مرزا اشفاق احمد اصلاحی،ناظم مدرسۃ الاصلاح اور اصلاحی ہیلتھ کیئر فاؤنڈیشن کے بانی وجنرل سکریٹری ڈاکٹر نازش احتشام اعظمی کی کوششوں کو ہرجانب سے تائید و دادوتحسین سے نوازا گیا۔سمینار کے اخیر میں اظہارتشکر مولانا مرزا اشفاق احمد اصلاحی نے اپنی گلوگیر آواز میں پیش کئے،جبکہ نظامت کے فرائض مولانا سرفراز احمد اصلاحی ،مدنی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here