نئی دہلی،یکم فروری( ہ س/نیاسویرا لائیو) مرکزی وزیراقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج پارلیمنٹ میں پیش ہوئے عام بجٹ میں وزارت اقلیتی امور کے بجٹ میں505کروڑ روپے کا اضافہ کئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے لئے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرخزانہ ارون جیٹلی کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوںنے کہا ہے کہ وزارت اقلیتی امور کے بجٹ میں کئے گئے اس بڑے اضافہ سے یہ لگتا ہے کہ مودی حکومت اقلیتوں کے فلاح وبہبود کے لئے کتنی سنجیدہ ہے۔
نقوی نے بتایا کہ 2018-19کے لئے وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے اقلیتی وزارت کے بجٹ میں505کروڑ روپے کا ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال وزارت کا بجٹ4195کروڑ روپے تھا جو اب بڑھا کر4700کروڑ روپے کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارت کے بجٹ میں کئے گئے اضافہ سے اقلیتوں کے سبھی طبقات کو عزت کے ساتھ سماجی، تعلیمی اور اقتصادی طور پر انہیں خود مختار بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وزارت کی طرف سے اقلیتوں کے فلاح وبہبود کے لئے چلائی جارہی اسکیموں کے دائرے کو اور بڑھایا جائے گا اور اقلیتوںکوخود مختار بنانے کے لئے مولانا آزاد فاونڈیشن کی طرف سے چلائی جارہی کوشل وکاس اسکیم کا دائرہ بھی بڑھایا جائے گا۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں