نئی دہلی ۔22دسمبر: معروف نیوز پورٹل نے اپنی پانچویں سالگرہ کے موقع پر ماہ جنوری اور فروری 2021میں مختلف نوعیت کےپروگرامز اورویبنارز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ملت ٹائمز کے سی ای او اور چیف ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی نے ایک پریس ریلیز جاری کرکے کہا ہے کہ جنوری 2021میں ملت ٹائمز کو پانچ سال پورے ہوجائیں گے۔ 18جنوری 2016 کو ممبئی کی سرزمین پر مولانا رابع حسنی ندوی صاحب صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے ہاتھو ں اس کا اجراءعمل میں آیاتھا ۔2017میں ملت ٹائمز کے انگریزی ورزن کی شروعات ہوئی تھی، جب کہ2018میں ہندی ورزن کا آغاز ہوا تھا اور 2019کے آغاز سے یوٹیوب چینل پر بھی ہم لوگوں نے کام کرنا شروع کردیا ہے ۔ آج الحمد للہ ملت ٹائمز کے یومیہ قارئین ایک لاکھ سے زیادہ ہیں اور کئی مرتبہ ملین میں پہونچ چکے ہیں ۔یوٹیوب پر 8لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں ۔ فیس بک پر 5لاکھ سے زیادہ فلووز ہیں ۔ وہاٹس ایپ پر براہ راست 5ہزار لوگ ممبرز ہیں ۔اس کے علاوہ انسٹا گرام ، ٹوئٹر اور دیگر سبھی اہم جگہوں پر ملت ٹائمز موجود ہے ۔ اس دوران ملت ٹائمز نے کئی ریجنل اوردوسرے موضوعات سے متعلق علاحدہ نیوز پورٹل اور یوٹیوب چینل بھی شروع کررکھاہے ۔
جنوری 2021 میں ملت ٹائمز کو پانچ سال پورے ہوجائیں گے ۔ اس مناسبت سے ملت ٹائمز گروپ نے پورے ماہ جنوری اور فروری کو بطور جشن مناتے ہوئے متعدد اہم سمینار ، ویبنار ، تقریبات اور دیگر اہم امور انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔
(1) جنوری وفروری کے مہینہ میں تقریبا20 سے زیادہ اہم موضوعات پر نیشنل اور انٹر نیشنل ویبنار کاانعقاد عمل میں آئے گا ۔ سبھی پروگرامز کی تاریخ ۔ مہمانوں کی فہرست ، کنوینر کا نام اوردیگر تفصیلات جلد منظر عام پر آجائے گی ۔
(۲) جشن پانچ سالہ سیریز کا آخری پروگرام دہلی میں جنوری کے اخیر یا فروری کے شروع میں منعقد کیا جائے گا ۔
(۳) ملت ٹائمز ایک خصوصی شمارہ شائع کررہاہے ۔” ڈیجیٹل میڈیا :امکانات اور چیلجنز“
(۴) ملت ٹائمز اپنی پچاس ایسی خبروں کوبھی جمع کرکے شائع کررہاہے جو پانچ سالوں کے دوران حکومت ، انتظامیہ ، سماج اور معاشرہ پر اثرانداز ہوئی ہے ۔
(۵) مرحوم ڈاکٹر عبد القادر شمس اور ملت ٹائمز ہندی کے بانی ایڈیٹر مرحوم قیصر صدیقی کے نام سے ایوارڈ جاری کیا جائے گا ۔
اس پوری کامیا بی کا سہرا ملت ٹائمز سے وابستہ سبھی کارکنان ، سبھی ایڈیٹرس ، آفس اسٹاف ، رپوٹرس ،اینکرس معاونین ،قارئین اور ناظرین کو جاتاہے ۔ ہمارا عزم ملت ٹائمز کو مضبوط اور ایک متبادل میڈیا ہاؤس بنانے کا ہے ۔انشاءاللہ تعالی ہماری محنت اور جدوجہد جاری رہے گی ۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں