دہلی و ہریانہ میں روہنگیائی پناہ گزین ذمہ داراوں کی مدرسہ باب العلوم جعفر آبادمیں منعقدہ میٹنگ سے علما ء کرام کا خطاب
نئی دہلی(نیا سویرا لائیو ڈاٹ کا ) دہلی و ہریانہ میں روہنگیائی پناہ گزین ذمہ داروں نے مدرسہ با ب العلوم جعفر آباد میں آکر میٹنگ کا انعقاد کیاجس میں تقریبا پچاس روہنگیائی ذمہ داروں نے شرکت کر کے اپنی پریشانیوں سے جمعیۃ علما صوبہ دہلی کو روشناس کرایا ۔ اس میٹنگ کی صدارت جمعیۃ کے صوبائی صدر مولانا محمد عابد قاسمی اور نظامت جمعیۃ علما ء ہند کے اہم ذمہ دار مولانا غیوراحمد قاسمی نے کی ۔روہنگیائی ذمہ داروں نے اپنی تمام پریشانیوں سے روشناس کراتے ہوئے کہا کہ مدرسہ باب العلوم کے مہتمم مولانا ظفرالدین مرحوم نے اپنی زندگی میں ہماری دل و جان سے خیر خوہی کی ہے اور قوی امید ہے کہ مرحوم کے لائق سپوت مولانا محمد داؤد اپنے والد کے نقش قدم پر چل کر ہمارا ہر ممکن خیال رکھیں گے اور یہ مولانا ظفرالدین مرحوم کے لئے صدقہ جاریہ ہوگا۔اس موقع پر مدرسہ با ب العلوم کے مہتمم مولانا محمد داؤد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ حضرات اپنا وطن چھوڑ کر آئے ہیں جس سے آپ لوگ کافی پریشان ہیں اور ہم بھی ہر ممکن آپ لوگوں کی پریشانی میں کام آنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دین و ایمان بچانے کی خاطر آپ کو اپنی شناخت ہرحال میں باقی رکھنے کی کوشش کرنی چاہئے اور ہمارا ملک آپ لوگوں کو مہمان تصور کرتا ہے اور آپ لوگوں کو بھی چاہئے کہ میزبان کا خیال کریں اور ہمارے رہنے سہنے سے کسی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔مولانا غیور احمد قاسمی نے کہا کہ تمام روہنگیائی پناہ گزیں آپس میں تال میل بنائیں اور تمام ساتھیوں سے باخبر رہیں تاکہ ایک دوسرے کی مدد کی جاسکے اور حکومت بھی خصوصی توجہ سے خیر سگالی اور ہمدردی کا معاملہ کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کو چاہئے کہ میانمارحکومت پر دباؤ ڈالے تاکہ ہندوستان میں پناہ گزیں اپنے وطن واپس ہوسکیں۔ اسی اثناء مدرسہ باب العلوم کے مصلیان نے پناہ گزینوں میں تقریبا چالیس ہزار روپئے تقسیم کئے اور مزید تعاون کا یقین دلایا جس سے روہنگیائی پناہ گزینوں نے راحت کی سانس لیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔مولانا محمد عابد قاسمی نے اپنے صدارتی خطبہ میں روہنگیائی پناہ گزیں ذمہ داروں سے کہا کہ ہمیں ہماری نافرمانیوں کی وجہ سے پریشانیا ں گھیر لیتی ہیں جن سے نکلنے کے لئے اللہ اور اس کے رسول کے بتائے ہوئے راستہ کو اپنا ئیں اور پنج وقتہ نماز سے غفلت نہیں کرنی چاہئے کیونکہ نماز تمام پریشانیوں سے نجات دلاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں بھی رہو انکساری ، ملنساری اور عاجزی کا مظاہرہ کر یں تاکہ حسن اخلاق سے دوسرے بھی خیر خواہی کرنے پر مجبور ہوسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نامساعد حالات سے دوچارروہنگیائی مسلمانوں میں جمعیۃ علما ہند کی طرف سے نقدی و امدادی سامان کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے اور یہ لوگ فرید آباد سیکٹر 86؍مرزا پور،مجیڈی گاؤں ،نوح میوات، پنہانہ میوات،اور دہلی میں شرم وہار ،کالندی کنج ،کھجوری ،اتم نگر ،وکاس نگر ،رنہولہ وغیرہ میں رہتے ہیں جن کے ذمہ دارا وں نے مدرسہ با ب العلوم میں آکر میٹنگ کی ہے اور مزید حالات کی معلومات کے لئے مولانا غیوراحمد قاسمی سے رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔اس موقع پر قاری سراج احمد ، ۱قاری اسعد ، قاری آزاد، مولانا شمش القمر،حافظ محمدناصر، محمد عارف ، محمد یوسف و دیگر مقامی لوگ موجود تھے۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں