اردو کتب اور اخبارات کو خرید کر پڑھنا ہی عالمی یوم مادری زبان پر سچا خراج تحسین ہو گا: فرید احمد خان
اورنگ آباد،ایجنسی : آج 21 فروری عالمی یومِ مادری زبان کے موقع پر ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن اور فیم کی جانب سے اورنگ آباد میں منایا گیا۔پروگرام کی ابتداء اردو کارواں کے صدر فرید احمد خان کے گفتگو سے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر مادری زبان میں تعلیم و تربیت کو سر فہرست رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اردو کی فروغ اور بقاء کے لئے اردو کتب اور اخبارات کو خرید کر پڑھنا ہی عالمی یوم مادری زبان پر سچا خراج تحسین ہو گا۔ پروگرام کے ابتداء میں فاؤنڈیشن کے صدر مرزا عبدالقیوم ندوی نے مہمانوں کا تعارف کراتے ہوئے عالمی یومِ مادری زبان کی تاریخ اہمیت و افادیت اور موجودہ دور میں مادری زبان کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا کہ دراصل اس کی شروعات بنگلہ دیش سے ہوئی جہاں بانگلہ زبان کو بنگلہ دیش کی مادری زبان قرار دینے کے لیے طلباء نے تحریک چلائی تھی 21فروری 1952 کو ڈھاکہ یونیورسٹی کے طلباء اور سماجی کارکنوں اس وقت کے پاکستانی حکومت کے لسانی نظریات اور تعصبات کے خلاف شدید مخالفت کی اور زور دار طریقہ سے تحریک اور مظاہرے کیے جس کے نتیجے میں انہیں پولس اور فوج کے تشدد کا سامنا کرنا پڑا اور اس میں کئی نوجوانوں کو اپنی جانیں بھی گنوانی پڑیں۔لسانی تحریک میں شہید ہوئے نوجوانوں کی یاد میں یونیسیکو نے پہلی بار 1999 میں 21فروری کو عالمی یومِ مادری زبان منانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس وقت سے ساری دنیا میں یہ دن منایا جاتا ہے۔
پروفیسر شبانہ خان،جنرل سیکرٹری اردو کارواں،پرنسپل سائرہ خان،خزانچی اردو کارواں،اشرف ریشم والا اور سیدہ تبسم ناڈکر،رکن مجلس عاملہ اردو کارواں ممبئی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ساتھ ہی ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے مشن مریم مرزا محلہ محلہ لائبریری کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے ان محلہ لائبریریوں کو مادری زبان کی فروغ میں سنگ میل قرار دیتے ہوئے مریم مرزا کو مبارکباد پیش کی۔جلگاؤں سے تشریف لائے مشتاق کریمی اور ان کے فرزند ریحان کریمی کا بھی اس موقع پر استقبال کیا گیا۔ مشتاق کریمی نے استقبال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اورنگ آباد ایک تاریخی شہر ہے اور اردو شاعری اور زبان و ادب کی تاریخ اورنگ آباد کے تذکرہ کے بغیر ممکن نہیں ہے۔پروگرام کی ابتدا میں مرزا ابوالحسن علی نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ پروگرام کی نظامت ایم ڈی طیب نے انجام دیتے ہوئے شکریہ کی رسم بھی ادا کی۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں