مولانا صدر الدین اصلاحی کے افکار کا تنقیدی مطالعہ

0
821
All kind of website designing

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

            دو برس ہوئے ، عزیزی محمد اسامہ کو ‘برصغیر ہندوپاک میں فکر اسلامی کے شارح : مولانا صدر الدین اصلاحی _ ایک مطالعہ’ کے عنوان پر شعبۂ اسلامک اسٹڈیز ، جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری ایوارڈ ہوئی تھی _ اسی وقت سے شائقین کا تقاضا تھا کہ اسے کتابی صورت میں شائع کیا جائے _ خوشی کی بات ہے کہ اس کا ایک باب ، جو مولانا مرحوم کے افکار کے تنقیدی مطالعہ پر تھا ، زیرِ نظر کتاب کی صورت میں طبع ہوگیا ہے _

        اس کتاب کی اشاعت ‘مولانا صدر الدین اصلاحی :بعض فکری جہات کا مطالعہ’ کے نام سے ہوئی ہے _ اس میں مولانا اصلاحی کے ان افکار کا مطالعہ کیا گیا ہے :(1) اقامتِ دین کا تصور (2)دین کا حقیقی تصور (3)حقیقتِ نفاق (4)صحابۂ کرام کی طرف نسبتِ جاہلیت (5)اسلام کا تصوّرِ جہاد (6) تصوّرِ خلافت (7) نظمِ اجتماعی کی بحالی کا طریقہ (8) قرآن مجید کی ترتیب (9) جمہوریت اور تحریک اسلامی _ مصنف نے مولانا کی کتابوں کے اقتباسات سے ان کے افکار کو مدلّل کیا ہے، دیگر اہلِ علم نے ان پر جو تنقیدیں کی ہیں انہیں نقل کیا ہے اور کہیں کہیں ان کا محاکمہ بھی کیا ہے _ خوبی کی بات یہ ہے کہ مصنف کا قلم پوری کتاب میں غیر جانب دار رہا ہے اور انھوں نے قلم کی متانت اور سنجیدگی کو برقرار رکھا ہے _

          عزیزی اسامہ شعبۂ اسلامک اسٹڈیز، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں گیسٹ فیکلٹی ہیں _ ان کے تعارف کے لیے اب یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ جماعت اسلامی ہند کے پہلے امیر مولانا ابو اللیث ندوی اصلاحی ان کے نانا، مشہور فقیہ اور دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے سابق استاذ مفتی محمد ظہور ندوی ان کے دادا، مولانا محمد شعیب ندوی ان کے والد اور محترمہ ساجدہ فلاحی ان کی والدہ ہیں _ اس لیے کہ علمی حلقوں میں ان کی اپنی پہچان بن گئی ہے  _ خود ان کے بیان کے مطابق انھوں نے 25 سے زائد قومی و بین الاقوامی علمی مذاکروں میں شرکت کی ہے اور 76 مضامین اور تبصرے ملک و بیرون ملک کے مؤقر رسائل و جرائد میں شائع ہوچکے ہیں _
مجھے یاد نہیں کہ میں نے تھیسس لکھنے کے دوران میں ان کا کتنا تعاون کیا تھا؟ لیکن انھوں نے اپنے مقدمے جن لوگوں کے لیے تشکر کا اظہار کیا ہے اور جن لوگوں سے انٹرویو لیے ہیں، دونوں میں میرا نام شامل ہے _ اس پر ان کا شکریہ تو بنتا ہے _
یہ کتاب منشورات نامی اشاعتی ادارہ نے بہت اہتمام سے شائع کی ہے _ صفحات:94 ،قیمت:150 روپے (پیپر بیک) 250 روپے (مجلد)

     اس کتاب کی پی ڈی ایف فائل کوئی مجھ سے نہ مانگے _ اس کے لیے مصنف کے ای میل پر رابطہ کرے :

[email protected]

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here