اے ایم یومیں گھس کر ہندویواواہنی کے کارکنان کی غنڈہ گردی شرمناک:مولانااسرارالحق قاسمی
نئی دہلی۔3اپریل(یواین این )یوگی حکومت میں شرپسندوسماج دشمن عناصرپوری طرح بے لگام ہوچکے ہیں اور قانون نام کی کوئی چیز نہیں بچی ہے،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی جیسے ملک کے موقر ادارے میں ہندویواواہنی کے غنڈوں کاگھس کرطلباء کے ساتھ مارپیٹ کرنا نہایت شرمناک اور ہندوستانی جمہوریت کے لئے افسوسناک ہے۔یہ باتیں معروف عالم دین وممبرپارلیمنٹ مولانااسرارالحق قاسمی نے اے ایم یوکے تازہ واقعے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہیں۔مولاناقاسمی نے کہاکہ جس طرح پندرہ بیس ہندویواواہنی کے کارکنان اے ایم یومیں گھس کر بچوں کے ساتھ مارپیٹ کرنے لگے،اس سے صاف طورپرمحسوس ہوتا ہے کہ ان کے دلوں سے قانون کا خوف نکل چکاہے اور وہ سیاسی برتری و حکومت کے نشہ میں فسادپھیلانے کے درپے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خالص سیاسی مقاصد کے تحت بی جے پی اور آر ایس ایس نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو نشانہ بناشروع کردیاہے اور پچھلے دنوں پہلے تو یونیورسٹی کیمپس میں آرایس ایس کی شاکھالگانے کا شگوفہ چھوڑاگیا اور اب یونین ہال میں محمد علی جناح کی تصویر کے معاملے کوخالص مذہبی رنگ دے کر یونیورسٹی کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سابق نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری بھی فرقہ پرستوں کے نشانے پر ہیں اوراس سے پہلے بھی کئی مرتبہ میڈیا،سوشل میڈیاوغیرہ پر ان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلائی جاچکی ہے لہذا یہ بھی ممکن ہے کہ اس ہنگامہ کے پیچھے حامد انصاری کو نشانہ بنانے کی سازش کارفرماہو۔مولانا اسرارالحق نے مقامی پولیس کے ذریعے بے قصور طلباء پر کئے جانے والے لاٹھی چارج کوبھی سراسرزیادتی قراردیا اور کہاکہ یوپی پولیس نے مسلح شرپسندوں کوقابو کرنے کی توکوئی کوشش نہیں کی مگر نہتے و بے قصور طلباء پر بے دردی سے لاٹھی چارج کیاگیا جس میں کئی طالب علم شدید طورپر زخمی ہوگئے۔انہوں نے یوپی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ یونیورسٹی کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر پر فوری لگام ہوتے ہوئے ان تمام لوگوں کوگرفتارکرکے سخت سزادی جائے جنہوں نے اس عظیم ادارے میں گھس کر غنڈہ کردی اور اسے بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔یونیورسٹی کے یونین ہال میں محمد علی جناح کی تصویر کے تعلق سے مولاناقاسمی نے کہاکہ یہ تصویر آزادی سے پہلے سے لگی ہوئی ہے اوراس کا تعلق یونیورسٹی کی تاریخ سے ہے،اس سے یہ ہرگزنہیں ثابت ہوتاکہ یونیورسٹی یا یہاں کے طلباء جناح کی فکر کے حامل ہیں،جولوگ اس تصویر کی وجہ سے ہنگامہ کھڑاکرنا چاہتے ہیں وہ دراصل آنے والے انتخابات میں سیاسی روٹی سینکنے کی تدبیر کررہے ہیں اس کے علاوہ اس ہنگامے کا کوئی مقصد نہیں ہے۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں