پٹنہ :پٹنہ۔ہندوستانی عوام مورچہ کے صدر جیتن رام مانجھی کے این ڈی اے چھوڑنے کے بعد اب بہار ریاستی کانگریس کمیٹی میں بھونچالن آگیا ہے۔بہار ریاستی کانگریس کمیٹی کے سابق صدر اشوک چودھری کی قیادت میں ایک ساتھ چار ممبر کونسل تنویر اختر۔رام چندر بھارتی۔دلیپ چودھری اور اشوک چودھری نے کانگریس چھوڑ کر الگ خیمہ بنانے کی درخواست کونسل کے ڈپٹی چئر مین کو دی ہے۔اشوک چودھری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو کہا ہے کہ اب وہ جدیو میں شامل ہوکر وزیر اعلی نتیش کمار کے ساتھ بہار کی خدمت کریں گے۔اس کی خبر ملتے ہی کانگریس ہائ کمان نے ان چاروں کو پارٹی سے معطل کر دیا ہے۔اشوک چودھری نے بتایا کہ جب وہ بہار کانگریس کے صدر بنائے گئے تھے اس وقت کونسل میں کانگریس کی تعداد صفر تھی اور ان کی محنت سے چار ایم ایل اے والی پارٹی 27 پر پہنچ گئ۔انہوں نے کہا کہ وہ صدر کی میعاد پوری ہونے کے بعد استعفی دینے کے لئے تیار تھے لیکن انہیں بے عزت کر کے نکالا گیا۔پھر بھی وہ راہل گاندھی کے کہنے پر خاموش تھے۔عظیم اتحاد ٹوٹنے کے بعد بہار کانگریس میں بغاوت کے تیور شروع ہوگئے تھے۔اشوک چودھری کی قربت وزیر اعلی نتیش کمار سے دن بدن بڑھتی جارہی تھی اسے دیکھ کر پہلے سے یہ قیاس لگایا جا رہا تھا کہ اشوک چودھری کبھی بھی پارٹی چھوڑ سکتے ہیں۔بہار کانگریس کے صدرکوکب قادری اور اشوک چودھری کے درمیان بھی من موٹاوُ پہلے سے چل رہا تھا۔ان چاروں ممبر کونسل کے پارٹی چھوڑنے کے اعلان کے ساتھ ہی بہار کی سیاست میں قیاس آرائیوں کا دور شروع ہو گیا ہے اور سیاسی مبصرین اس کا سیاسی سود وزیاں کے پیمانہ سے تجزیہ کر رہے ہیں ۔
(نور السلام ندوی۔پٹنہ)
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں