نئی دہلی ،نیا سویرا لائیو: انسانی خدمت میں ہمیشہ آگے رہنے والی تنظیم جمعیۃ علماء ہند کے مالی تعاون سے آج تہاڑ جیل سے وہ آٹھ غریب قیدی آزاد ہوئے جو صرف مالی جرمانہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے جیل میں بند تھے ۔ اس سلسلے میں تہاڑجیل میں باضابطہ ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں جیل ڈائریکٹر جنرل اجے کشیپ نے جمعیۃ علماء ہند اور اس کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی جانی والی اس خدمت کو مثالی قرار دیا ، انھوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کو میں زمانے سے جانتاہوں اس کی خدمات کافی وسیع ہیں اورطورطریقہ بھی کافی قابل تعریف ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مجھے بھی دکھ ہوتا ہے جب کوئی غریب قیدی جرمانہ ادانہ کرنے کی وجہ سے یہا ں بند رہتاہے،آج جمعیۃ جیسی تنظیم ان کی خدمت کے لیے آگے آئی ہے تو مجھ سے زیادہ خوشی کسے ہو گی۔ انھوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس سے نصیحت پا کر دیگر تنظیمیں بھی سامنے آئیں گی ۔ انھوں نے اس موقع پر سبھی قیدیوں کو رہائی کا پروانہ بھی سونپا، جو قیدی آج رہا ہوئے ان کے نام چمن ابن اوم پرکاش، دھیرج ابن پنا لال، بھیم سین ابن موتی رام، کالو بھائی ،امت ابن راجندر، سنجیو ابن تلاشاہ ، ادے راترا ایم راترا ہیں ۔ ان قیدی میں ایک بدایوں کا رہنے والا ۷۵؍سالہ سالہ شخص بھی تھا جوپچھلے 18 سالوں سے بند تھاوہ تقریب میں موجود جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران سے مل کر جذباتی ہو گیا اور اظہار تشکر میں اس کی آنکھوں سے آنسو بہہ پڑے ۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حکیم الدین سکریٹری جمعےۃ علما ء ہند نے سبھی قیدیوں کی خیریت دریافت کی اور قرآن مجید کی سورہ دہر کی آیت ’’ وہ کھلاتے ہیں کھانا اس کی محبت پر یتیموں ، مسکینو ں اور قیدیوں ‘‘کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس آیت میں اللہ تعالی نے قیدیوں کو کھلانے پلانے اور مدد کرنے والوں جنت کے انعام واکرام کا مستحق قراردیا ہے ۔انھوں نے اعلان کیا کہ یہ تو محض آغاز ہے ، ہمارے قائد محترم مولانا محمود مدنی صاحب کا عزم ہے کہ ہم قیدیوں کی رہائی کے لیے آگے بھی تعاون کرتے رہیں گے ۔
اس موقع پر جیل کے اہم ذمہ داران شری راج کمار ( اے آئی جی) ، ایس ایس پریہار(ڈی آئی جی پی)اجے بھاٹیہ سپرنڈنیڈنیٹ جیل نے بھی اپنے خیالا ت پیش کئے ۔ اس تقریب میں جمعےۃ علماء ہند کی طرف سے مولانا حکیم الدین قاسمی، مولانا غیور احمد قاسمی ، مولانا شفیق احمد القاسمی، مولانا قاری نوشاد عادل ، مولانا یسین جہازی ، قاری عبدالسمیع قاسمی، مفتی سہیل احمد قاسمی( امام جامع مسجد جنک پوری) اورعظیم اللہ صدیقی قاسمی بھی موجود تھے ۔ جمعےۃ علماء ہند کے وفد نے ڈی جی اجے کشیپ صاحب کو حسب طلب قرآن کریم کے نسخے بھی بطور ہدیہ پیش کیا ۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں