امن و ایکتا سمیلن کی تیاریاں،دہلی سمیت اطراف کے صوبوں میں کانفرنس کی کامیابی کے لئے عوامی بیداری مہم بھی شباب پر
مظفر نگر (نیا سویرا لائیو ڈاٹ کام ) جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام امیر الہند حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری صدر جمعیۃ علماء ہند کے زیر صدارت اور مولانا سید محمود مدنی جنرل سیکر یٹری جمعیۃ علماء ہند کے زیر قیادت 29/ اکتوبر بروز اتوار صبح 9 ؍بجے اندرا گاندھی اندور اسٹیڈیم نزد آئی ٹی او میں ایک عظیم الشان امن و ایکتا سمیلن منعقد کیا جارہا ہے۔ جس میں ملک کے مختلف مذہبی، سماجی اور سلیبریٹی شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔ملک کے موجودہ نفرت بھرے ماحول میں جمعیۃعلماء ہند کی تاریخی اور عظیم الشان مہم امن و ایکتا سمیلن ہندوستان میں رواداری قائم کرنے کا اہم باب ثابت ہوگا۔آج ملک میں بطور خاص یوپی اور اطراف دہلی کے صوبوں میں فرقہ پرست طاقتوں کے اقتدار پر پہنچ جانے کے بعد سے اقلیتیں اپنے آپ کو بہت زیادہ غیر محفوظ سمجھ رہی ہیں کہیں ذبیحے کے معاملات کو بہانہ بنا کر نفرت کی آگ کو بھڑکایا جارہا ہے تو کہیں تاریخی عمارتو ں کے نام پر اکثریت کے دلوں میں اقلیتوں سے متعلق نفرتیں بڑھانے کی مہم جاری ہے اور اقتدار پر بیٹھے افراد کے مختلف بیانات سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ کہیں سرکاری سطح پر اس مہم کی سرپرستی کی جارہی ہے۔ان حالات میں امن و ایکتا کے علمبردار اقلیتوں کو اس عمل کے رد عمل سے روکتے ہوئے امن ومحبت کی فضا کو بڑھانے اور نفرتوں کا جواب محبت سے دینے کی ترغیب دے رہے ہیں انہی حالات میں جمعیۃ علماء ہندجس نے اس ملک میں امن وامان کی فضا قائم کرنے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے اور اس کے لئے اپنوں کا طعنہ بھی اسے سننا پڑتا رہا ہے ایک بار پھر آگے آئی ہے۔۲۹؍اکتوبر کو دہلی کے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں ہونیوالی جمعیۃ علماء ہند کی امن و ایکتا کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے جمعیۃ علماء ہند کے قومی سیکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی ان دنوں مغربی یوپی کے ہنگامی دورے پرہیں ۔چنانچہ ا۲؍ اکتوبرکی صبح 10؍ بجے سے نمازظہر تک تحصیل جانسٹھ مظفر نگر کے مختلف مواضعات میں پروگرام ہوئے۔ بعد نمازعصر مدرسہ خادم العلوم باغوں والی کے مہتمم مولا نا حامد حسین صاحب سے ملاقات کرتے ہوئے کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے اطراف میں پروگرام کی نوعیت اور بیداری مہم پر غور وخوض کیا گیا۔ گاوں بسی میں بعد نماز مغرب ایک اہم بڑے پروگرام کا انعقاد ہوا جسمیں تقریبا 12 ؍گاوں کے لوگوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی اور ۲۹؍ کی کانفرنس میں بھاری تعداد میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔بعدنماز عشاء گاوں جوگیا کھیڑا میں پروگرام ہوا۔ ۲۲؍ اکتوبرکو مولانا حکیم الدین قاسمی دہلی سے فجر کی نماز کے بعد میراپور مظفر نگر کے لیے روانہ ہوئے 9؍بجے مولانا محمد ارشد قاسمی کے مدرسہ میں منعقدہ میٹنگ میں شرکت کی۔ یہاں سے11بجے روانہ ہوکر جانسٹھ میں حضرت مولانا نظیر صاحب سے ملاقات کی۔بعدہ ٹنڈھیڑامیں سابق ایم ایل اے مولانا جمیل احمد قاسمی سے ملاقات کی اور ان حضرات کو اجلاس میں آنے کی دعوت دی۔ مولانا اکرام صاحب کے مدرسے بسیڑامیں ظہر کی نماز کے بعدمنعقد میٹنگ میں شر کت کی ۔نماز عصر باغوں والی مدرسے میں ادا کرکے مہتمم صاحب سے ملاقات کی۔ نماز مغرب شاہپور بسی میں ادا کی اور گاؤں کے لوگوں کوجوڑ کر اجلاس میں آنے کی دعوت دی ۔نماز عشاء جوگیاکھیڑا میں ادا کر کے کانفرنس میں شرکت کی عمومی وخصوصی دعوت دی۔سفر میں مفتی بنیامین قاسمی صدر جمعےۃ علماء ضلع مظفر نگر، مفتی محمداقبال قاسمی نائب مہتمم مدرسہ قاسم العلوم تیوڑا، مولانا ارشد قاسمی مہتمم مدرسہ میراپور ،قاری ذاکر حسین قاسمی جنرل سکریٹری جمعےۃعلماء ضلع مظفر نگر، مولانا معاذ ،محمدصادق ، حافظ نورعالم اسعدی مولانا ارشاد، مولانا پرویز علیگ، مولانا محمد یحی، مولانا شمشیر، مولانا سعید الزماں ، مولانا محمد اکرام، حافظ محمد مرسلین ،جمعیۃ علماء ہند کے آرگنائزر مولانا قاری احمد عبداللہ قاسمی و دیگر صاحبان شریک رہے۔ ان تمام پروگراموں میں مہمان خصوصی کے ساتھ مقامی اکابر شخصیات کا خصوصی خطاب بھی رہا۔ہر جگہ سے لوگوں نے شرکت کے تعلق سے اپنے پرشوق عزم کا اظہار کیا۔ ذمہ داران جمعیۃ علماء ہند نے ملت اسلامیہ سے مودبانہ اپیل کی ہے کہ اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم آئی ٹی اومیں۲۹؍اکتوبرکو صبح ہونے والی کی کانفرنس میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر ہندوستان کی باہمی ہم آہنگی اور مذہبی و سماجی رواداری کی قدیم روایت کو آگے بڑھانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں