کورونا قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر عام آدمی پر جرمانہ ،انتخابی ریلیوں پر کیوں نہیں؟
نئی دہلی : ملک میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں اور روزانہ ایک نیا ریکارڈ قائم ہورہا ہے ۔ اسی کے ساتھ انتخابی جلسوں کے دوران کورونا کی روک تھام کے لئے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور مرکزی حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایات کی کھلی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ اسی بنیاد پر دہلی ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے۔ دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ہائیکورٹ نے مرکزی وزارت داخلہ اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیاہے۔ دہلی ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے جو قوانین (معیاری آپریٹنگ طریقہ کار) جاری کیا ہے اس پر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور انتخابی ریلوںکے دوران عمل نہیں ہورہا ۔ اس درخواست میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ مرکزی الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے کہ وہ مرکزی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کروائیںاور اس کے لئے سیاسی جماعتوں اور انتخابی ریلیوںمیں مصروف عہدیداروں کو ہدایت دیں۔
اس درخواست کی سماعت کرتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی وزارت داخلہ اور مرکزی الیکشن کمیشن کو ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں ان سے 30 اپریل تک جواب طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ درخواست اس درخواست کے ساتھ دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایک طرف تو عام آدمی کو ماسک نہیں پہننے پر جرمانہ عائد کیا جارہا ہے ، دوسری طرف سیاسی جماعتوں کے سیاستدان بغیر کسی ماسک کے کھلے عام چل رہے ہیں اور انتخاب کی تشہیر کرنے میں مصروف ہیں۔ یہاں تک کہ سیاسی جماعتوں کے جلسوںمیں کہیں بھی کسی اصول کی پاسداری نہیں کی جارہی ہے۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں