الحاج قمر الاسلام کا انتقال ملک وملت کیلئے عظیم خسارہ :ملی کونسل

0
1561

نئی دہلی (نیا سویرا لائیو) کرناٹک کے معروف سیاسی رہنماء الحاج قمر الاسلام کے انتقال پر آل انڈیا ملی کونسل کے صدر مولانا عبد اللہ مغیثی اور جنر ل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہاکہ قمر الاسلام صاحب کانگریس کے سینئر سیاسی رہنما اور باوقار لیڈر تھے،وہ ملی ہمدردی کے جذبہ سے سرشار اور مخلص رہنماتھے ، مسلم اداروں سے گہرا تعلق رکھتے تھے ،آپ آ ل انڈیا ملی کونسل کے رکن تاسیسی تھے اور کافی عرصہ تک مجلس عاملہ کے بھی رکن رہے ،آل انڈیا ملی کونسل کی چوطرفہ ترقی میں آپ کا تعاون ہمیشہ ملتارہا اور آج ان کی وفات سے جہاں ملک کی سیاست میں ایک عظیم خلا ء پیدا ہواہے وہیں آل انڈیا ملی کونسل کا بھی بہت بڑا نقصان ہواہے جس کی تلافی ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے ۔
اس موقع پر نئی دہلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر منظو ر عالم نے کہاکہ الحاج قمر الاسلام صاحب ملت کے سچے بہی خواہ اور ہمدر در ہنما تھے ،جنوبی ہند کے مقبول اور قدآور مسلم قائد کی حیثیت سے آپ کو جاناجاتاتھا،ملی کونسل کی تاسیس سے لیکر وفات تک آپ کسی نہ کسی شکل میں اس سے وابستہ رہے اور اپنا تعاون دیتے رہے ،انہوں نے کہاکہ گذشتہ 30 جولائی 2017 کو دہلی کے تالکٹورہ اسٹیڈم میں منعقدہ قومی کنونشن میں بھی آپ تشریف لائے تھے اور انتہائی جامع خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کی تحریک’’ دستو ر بچاؤ دیش بناؤ ‘‘کو ملک گیر سطح پر عام کرنے کی وکالت کی اور موجودہ حالات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔ڈاکٹر منظور عالم نے مزید کہاکہ الحاج قمر الاسلام سے میرے ذاتی مراسم بھی بہت گہرے تھے اور ملک وملت کے تئیں ہمیشہ فکر مندر رہتے تھے۔
الحاج قمر الاسلام صاحب گلبرگہ اسمبلی حلقہ سے چھ مرتبہ ایم ایل اے ، ایک مرتبہ ایم پی رہ چکے ہیں،متعدد مرتبہ کرناٹک حکومت میں کابینہ وزیر کی حیثیت سے آپ نے خدمات انجام دی ہے ،آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری بھی رہ چکے ہیں،مل کونسل کے رکن تاسیسی ہونے کے ساتھ آپ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے بھی فعال رکن تھے اور ملی کاز پر ہمیشہ نظر رکھتے تھے ۔
ملی کونسل کے صدر مولانا عبد اللہ مغیثی اور جنرل سکریٹری ڈاکٹرمحمد منظور عالم شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کرناٹک کی ریاستی حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ حکومت الحاج قمر الاسلام کے نام سے کوئی تعلیمی ادارہ یا انسٹی ٹیوٹ قائم کرے جو ان کیلئے ایک خراج عقیدت ہوگا ، ملی کونسل کے صدر اور جنر ل سکریٹری نے مرحوم کی مغفرت ،بلندی درجات اور پسماندگی کیلئے صبر جمیل کی دعاء کا بھی اہتمام کیا ۔الحاج ڈاکٹر قمر الاسلام کی اچانک رحلت پر آل انڈیا ملی کونسل ،انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیواسٹڈیز اور فیچر نیوز الائنس کے جملہ کارکنان نے بھی گہرے صدمے کا اظہا رکیا ہے ۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here