امن وسکون کی پیاسی دنیا میں قرآن کے پیغام کو عام کیا جائے 

0
1265
All kind of website designing

’’ قرآن کاپیغام عالم انسانیت کے نام ‘‘جلسہ سے مولاناصغیر احمد رشادی ودیگرعلما کا خطاب

گلبرگہ 31؍مارچ (یو این این/نیا سویرا لائیو) مدرسہ عربیہ تجوید القرآن کے طلباء نے آج اپنے دینی علمی صلاحیتوں کا جس خوبی اوردلکش انداز میں اظہارکیا ہے اس کو دیکھنے اورسننے کے بعد جناب نذیر احمد رشادی بانی وناظم مدرسہ عربیہ تجوید القرآن کی کامیاب کاوشوں پرمجھے دلی مسرت ہو ئی ۔ میں انہیں اورمدرسہ ہذا کے اساتذہ کو دلی مبارک باد پیش کرتاہوں اوراللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ تعالی نذیر احمد رشادی کی محنت کو قبول فرمائے ، اس مدرسہ کواور بھی ترقی دے ان خیالات کا اظہار پیر طریقت مرشد کامل عارف باللہ حضرت مولانا صغیر احمد رشادی صاحب امیر شریعت کرناٹک نے کے این زیڈ فنکشن ہال میں مدرسہ عربیہ تجوید القرآن کے تیسرے اجلاس بعنوان ’’ قرآن کاپیغام عالم انسانیت کے نام ‘‘ سے مخاطب ہو تے ہوئے کیا۔ حضرت مولانا صغیر احمد رشادی نے کہاکہ علم سے علم دین مراد ہے ۔ جو آدمی کوخیر اورشر کی تمیزسکھاتا ہے ۔ تمام مسلمانوں کے لئے حصول علم فرض قرار دیا گیاہے ۔ احکام الہی کی تعمیل اسی وقت ممکن ہے جب آدمی کو یہ معلوم ہو کہ اللہ جل شانہ کے احکام کیا ہیں ۔ مولانا نے کہاکہ ہر ذمہ دار مسلمان کے لیے یہ ضروری ہے کہ اپنے نونہالوں کو ابتداہی سے دینی تعلیم کے حصول کے لیے توجہ دیں قرآن کے پیغام سے واقفیت کے لیے بچوں کو قرآن پڑھنا سیکھا یا جا ئے اپنے بچوں کو قرآن کے پیغام کو سمجھا یا جائے ۔ آپ کے بچے قرآن اوراحادیث نبوی ؐ کو پڑھنے کے کے بعد کبھی گمراہ نہیں ہو ں گے ۔ مولانا نے کہاکہ مدرسہ عریہ تجویدالقرآن میں عصری تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے لیے بھی دینی تعلیم کانظم شروع کیا ہے ۔ یہ بہت اچھی بات ہے ۔ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء دنیوی تعلیم بھی حاصل کررہے ہیں ۔ آج جن بچوں نے اپنے سینوں میں قرآن کومحفوظ کرلیاہے میں ان سبھی حفاظ کو ااور ان کے والدین کو مبارک باد دیتاہوں ۔ خوش نصیب ہیں وہ والدین جن کے بچے حافظ ہو تے ہیں ۔ حافظ بچوں کے والدین کو سونے کا تاج پہنایاجائے گا ۔ مولانانے کہاکہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام عالم کے انسانوں کو قرآن کاپیغام دیا جائے ۔ مولانا عبدالواحد رشادی خطیب وامام جامع مسجد اسٹیشن بازار نے اپنے خطاب میں کہاکہ یہ معصوم بچے جنہوں نے اپنے سینوں میں کلام اللہ کو محفوظ کرلیا ہے ۔ ان کا احترام کیا جائے یہ حافظ بچے قیامت کے دن 10افراد کی سفارش کریں گے ۔حضرت نذیر احمد رشادی نے دینی تعلیم کاسلسلہ شروع کیا۔ اس مدرسہ نے جو بھی ترقی کی ہے اس میں اللہ کافضل وکرم اورنذیر احمد رشادی کی محنت اوراس مدرسہ کے اخراجات کی تکمیل جن حضرات نے کی ہے ان سب کانتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایسے دینی تعلیمی ادارے کو مالی تعاون دیناہمارافریضہ ہے ۔ حضرت مولانا فصیح الدین ندوی سکریٹری صفابیت المال انڈیا حیدرآباد نے مخاطب ہو تے ہوئے کہاکہ ملک میں مسلمانوں کی آبادی 20کروڑسے زائد ہے ۔20کروڑ مسلمانوں کی آبادی کے اعتبارسے علمی تناسب بہت ہی کم ہے ۔ مسلمانوں کے تعلیمی فیصد میں اضافہ ہو ناچاہیے۔ علم کی اہمیت اورافادیت کو سمجھیں اوربچوں کو سب سے پہلے دینی علم سکھائیں ۔ اس کے بعد دور حاضر کی عصری تعلیم دلوائیں ۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں کوتعاون دیں یہی آپ کے مال کا صحیح مصرف ہے ۔ حضرت مولانا محمد طلحہ سعودی مدنی نے اپنے خطاب میں کہاکہ مدرسہ عربیہ تجویدالقرآن ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ اس مدرسہ کی ترقی اورکامیابی میں حضرت نذیر احمد رشادی کی بڑی محنت اور جد وجہد ہے ۔ انگریزی اور عصری تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کیلئے بھی مدرسہ ہذا میں علم دین کانظم بھی ہے ۔ اپنے بچوں کی دینی تعلیم پروالدین خصوصی توجہ دیں ۔ مفتی احمد معاذ رشادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علم کی بڑی اہمیت اور فضیلت ہے اس کی اہمیت اورفضیلت کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ سب سے پہلے آیت جو نازل ہو ئی اقرا باسم ربک ہے ۔ قراء ت کی ابتدا اللہ تعالی کے نام سے ہو ئی، اقراباسم ربک پڑھیے اپنے رب کے نام سے علم سیکھنا ہر مرد عورت پرلازم ہے ۔ اپنے بچوں کو سب سے پہلے دینی علم سکھائیے اس کے بعد دیگر علوم بچوں کو دینی علوم سے آراستہ کئے جانے پر ان کے گمراہ ہو نے کا خد شہ نہیں رہتا۔ فی زمانہ اپنے بچوں کی حرکت سرگرمیوں پرنظر رکھئے اپنے بچوں کواچھا پاک وصاف ماحول دیجئے ۔ علم دین پرخصوصی توجہ دیجئے جلسہ کا آغاز سید یٰسین متعلم مدرسہ ہذا کی قرآ ت سے ہو ا ۔محمد نظام الدین متعلم مدرسہ ہذا نے نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کی ۔ نذیر احمد رشادی بانی وناظم مدرسہ ہذا نے مہمانوں کے تعارف اورخیر مقدم کے فرائض بخوبی انجام دیئے ۔ نذیر احمد رشادی جلسہ کی نظامت کے فرائض انجام دینے کے دوران مدرسہ عربیہ تجوید القرآن کے انعقاد کے اغراض ومقاصد اوراس کی سرگرمیوں کاذکر بخوبی کرتے رہے اورانہوں نے مہمانان خصوصی اعزازی ، شرکاء اورجلسہ کے انعقاد میں تعاون دینے والے تمام حضرات بشمول پرنٹ میڈیا اورالکٹرانک میڈیا کا شکر یہ اداکیا۔ ان کے شکریہ کے بعد مولانا صغیراحمد رشادی کی دعا پرجلسہ اختتام پذیر ہو ا۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here