بھگوا دفتر کے قریب وطن سے محبت پر مبنی نظم اور نعروں نے پیدا کیا دل چسپ منظر
احمد آباد ۲۷؍جنوری،نیاسویرا لائیو : جمعیۃ علماء گجرات کے زیر اہتما م جمال پور احمد آباد میں واقع اس کے ریاستی دفتر کے سامنے کھلی جگہ پر۲۶؍جنوری کو جشن یوم جمہوریہ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں کئی اہم شخصیات شریک ہوئیں ۔ اجلاس کی صدارت مفتی محمد اسجد قاسمی نائب صدر جمعیۃ علما ء گجرات نے کی ۔ یہ بات دل چسپ ہے کہ جمعیۃ دفتر کے قریب میں ہی بی جے پی کا بھی دفتر ہے ۔ بھگوا دفتر کے قریب علماء اور مقامی مسلم دانشوروں کی بھیڑ کی چہار جانب قومی پرچم کی نمائش او روطن پر جانثاری کی نظم و تقریروں نے بڑا عمدہ منظر پیش کیا۔
اپنے صدارتی خطاب میں مفتی اسجد قاسمی نے کہا کہ وطن سے محبت اور اس کے دستور کے تئیں ہماری وفاداری کسی سے ثابت کرنے کی چنداں ضرورت نہیں ہے۔ہم محب وطن تھے ،ہیں اور رہیں گے ۔ تاہم ملک کے موجودہ حالات میں جب کہ جمہوریت کی روح پامال کرنے کی کوشش جارہی ہے ، اسے بچانے کے لیے ہمیں پرجوش طریقے سے اس جمہوری تہوار کو منانے کی ضرورت ہے، اس لیے ملک بھر میں اس کی اپیل کی گئی ۔انھوں نے کہا کہ ملک کا ہر شخص یہ جان لے کہ وطن کو جب بھی قربانی کی ضرورت ہو گی، ہم صف اول میں ہو ں گے ۔
اس موقع پر پروفیسر نثار احمد انصاری جنرل سکریٹری جمعیۃ علما ء گجرات نے میں اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں جمہوریت کا تحفظ ہندو اور مسلمان سب کی ذمہ داری ہے ۔ ہمیں معلوم ہے کہ موجودہ حالات میں ہماری ذمہ داری کتنی بڑھ جاتی ہے ۔ پروفیسر نثار احمد نے آزادی وطن میں مسلمانوں کی قربانی پر تفصیلی گفتگو کی ۔
اس موقع پر مہمان خصوصی عزیز ٹنکاروی ایڈیٹر گجرات ٹوڈے،غیاث الدین شیخ ایم ایل اے، عمران بھائی کھیڑے والانے بھی آزادی وطن اور جمعہۃ علماء کی خدمات پر اپنے اپنے طور سے روشنی ڈالی ۔
جشن یوم جمہوریہ تقریب میں جمعہۃ علماء گجرات کے مقامی وریاستی ذمہ دارا ن بڑی تعداد میں شریک ہوئے اورچند حضرات نے خطاب بھی کیا ،جن میں خاص طور سے حاجی زید راجپوت، مولانا عارف صدیقی ، حافظ بشیر احمد آرگنائزر جمعےۃ علماء ہند ،سرتاج بھائی ایل آئی سی ، نصیرالدین شیخ ،حاجی یونس بھائی پٹیل ،حاجی اسلم قریشی رانب ،محمود بھائی قریشی رانب ،انیس بھائی قریشی رانب ،حاجی فہیم نوبل ،حاجی فیصل نوبل،ابرار احمد شیخ ،معین الدین انصاری ،احمدعلی بارہ بنکوی حافظ شوکت ،حافظ توصیف ،قاری راغب علی جمال ،مولانا بدرالدین صاحب قاسمی،حاجی بلال بھائی مٹھائی والے،مفتی ارشاد صاحب قریشی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں ۔ نظامت کے فرائض مولانا محبوب صاحب قاسمی نے انجام دیے ، محمد حنیف عرب جنرل سکریٹری جمعےۃ علما ء شہر احمد آباد نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا،آخر میں صدر محترم مفتی اسجد صاحب قاسمی کی رقت آمیز دعاء کے ذریعہ جشن جمہوریہ تقریب اختتام کو پہنچی
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں